محبت چیز ایسی ہے (1)
محبت چیز ایسی ہے (2)
کل لکھا تھا کہ اللہ سے محبت کیجیے۔
پوچھا گیا کہ ’کیسے‘؟
اور
’کیا صرف اللہ ہی سے محبت کی جائے‘؟
دیکھیے! اللہ اور بندوں کی محبت کو ابھی الگ مت کیجیے۔
سادہ سا فارمولا ہے کہ
جس نے محبت کو اور آپ کو تخلیق کیا ہے، اسی سے محبت سیکھی جا سکتی ہے نا؟
تو اللہ سے محبت کرنے کے بعد ہی آپ بندوں سے محبت سیکھ اور کر سکتے ہیں۔ اس لیے پہلی بات تو آج پھر یہی ہے کہ ’اللہ سے محبت کریں‘۔
ہاں یہ جو ہم کہتے ہیں کہ ’کیسے محبت کریں‘؟
یہ بڑی اہم بات ہے۔
میرا سوال ہے کہ آپ محبت کسے کہتے ہیں؟
فون کی گھنٹی بجے اور دل کے تار بجنے لگیں۔ دھڑکنوں کا شور حشر برپا کر دے۔ خوف اور گھبراہٹ کہ کوئی دیکھ نہ لے۔ میسج نہ آئے تو دو دو دن تک بغیر کھائے پیے پڑے رہیں۔ یونیورسٹی میں سامنا نہ ہو تو دل کی بے چینی وہ کہ الامان والحفیظ ۔ ناراضگی ہو جائے تو جان پر بن جائے۔
یہی مراد ہے نا آپ کی محبت سے ؟
یا چلیں آپ یوں نہیں تو محبت کو یوں جانتے ہوں گے:
ماں جو رات کو بچوں کے گھر لوٹ آنے تک دروازہ تکتی رہتی ہے۔ اور ساری عمر بھی یہی کرتی رہے تو تھکتی نہیں۔ ایک ہی زندگی ہوتی ہے جسے وہ اپنی اولاد کی فکر میں لگا دیتی ہے۔
بہن بھائی جو ایک دوسرے کی تکلیف نہیں دیکھ سکتے۔ اپنا حق چھوڑ دیتے ہیں۔
شوہر اور بیوی جو ایک دوسرے کے عیوب کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہیں۔ اور نبھاتے ہیں۔
دوست جو ایک دوسرے کی رازداری رکھتے ہیں۔ سہارا بنتے ہیں ۔
اور ایسے ہی کچھ اور رشتے!
ان سب میں مشترک (common) کیا ہے؟
💠تعلق بنانا
💠اس تعلق کی حفاظت کرنا
🟠جن سے تعلق بنانا ہوتا ہے ، ہم انہیں ”جاننے“ کی کوشش کرتے ہیں۔ یا جن سے بنے بنائے رشتے ہوتے ہیں ، ان کو بھی ہم توجہ اور محنت سے جاننے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
🟠پھر جو تعلق بنے ہوئے یا بنائے جاتے ہیں۔ ان میں فریق ثانی کا خیال رکھنا، اس کی ناراضگی سے ڈرنا ، ہر روز اپنے آپ کو اس کی پسند کے مطابق ڈھالنا ، اس کے لیے بہت کچھ قربان کرنے کا حوصلہ کرنا وغیرہ۔
یہ سب کچھ ہمیں دیکھنے کو ملتا ہے۔
واپس چلتے ہیں ۔ سوال یہ اٹھا ہے کہ ’اللہ سے کیسے محبت کریں‘؟
تو بھئی! اللہ کو جانیں۔
کتنا عجیب لگے گا اگر کوئی ہم (جو مسلمان ہیں) سے پوچھے کہ ’آپ اللہ کو جانتے ہیں ؟‘
لیکن یقین کریں ہم اللہ کو جانتے ہی نہیں ، نہ ہم نے اسے جاننے کی کوشش کی۔ 💔
کہتے ہیں ہم مسلمان ہیں۔ اللہ سے محبت کرتے ہی ہیں۔
ارے جہاں کوئی بے چینی ہے، نہ جذبوں میں تلاطم، نہ آزمائش ، نہ دل کا رونا ، نہ آنسو، نہ تڑپ___ نہ سجدے
یہ بھلا کیسی محبت ہے؟ 💔
اللہ کو جانیے۔ اللہ کے ساتھ وقت گزاریئے۔
قرآن میں اللہ کی ذات کا تعارف حاصل کیجیے۔
آیت الکرسی ہی پڑھ کر دیکھیے ۔ وہ جو ہمارے لیے ہر دم میسر ہے، اسے چھوڑ کر ہم کہاں دھکے کھا رہے ہیں؟
جبھی تو وہ کہتا ہے : این تذھبون 💔 (کہاں چلے ہو؟ کہاں بھٹکتے پھرتے ہو۔ نجات تو یہاں ہے۔ سُکھ تو یہاں ہے)
اس کی پسند نا پسند کو سمجھیے۔
پھر اپنے عمل میں تبدیلی لائیے۔
سجدوں میں اس کا قرب پانے کی کوشش کیجیے۔
اس کے لیے کچھ خواہشات چھوڑ کر دیکھیے۔
پھر کہیں جا کر آپ کو محبت کا مزہ ملے گا۔ ❤️
پھر اس کے بعد کہیں جا کر آپ کو سمجھ آئے گی کہ محبت کس سے اور کیسے کرنی ہے؟
میں سمجھ سکتی ہوں اسے پڑھتے ہوئے آپ کے چہروں پر لکھا ہے کہ سارے جوابات نہیں ملے۔
لیکن
یہ ”محبت“ ہے۔ بڑا منفرد اور عظیم جذبہ۔ یہ کوئی skill نہیں ہے۔ اس کا کوئی short course نہیں ہے کہ جو یکدم کر لیا جائے۔
یہ تو مرحلہ وار سمجھ آئے گی۔
ایک ایک رمز سمجھ آئے گی، ایک ایک اسرار کھلے گا۔ ایک ایک گتھی سلجھے گی۔
تھوڑا وقت تو دیں، محبت کوئی ایسی ویسی چیز نہیں کہ بیٹھے بٹھائے کر لی جائے۔
دھیرے سے قدم دھریئے گا کہ یہ راستے پُرپیچ ہیں، بھٹکا نہ دیں!
ساتھ رہیے!
#valentinesday2022 #14Feb #Love #Muhabbat
#حب_للہ #محبت_چیز_ایسی_ہے
بنتِ سحر
(پہلی قسط کا لنک میں)
قسط 3
قسط 4
https://ilfive.blogspot.com/2022/02/understanding-love-episode-4-4.html
0 Comments
Assalamualaikum