محبت چیز ایسی ہے (٣)
مکہ کی ایک رات ہے۔ سارا شہر تاریکی میں ڈوبا ہے۔ ایک ہستی ہے جو رات کے اس پہر اٹھ کر سجدے میں اُمتی اُمتی کہہ کر رو رو کر دعائیں اور التجائیں کر رہی ہے۔ آنسو بہہ رہے ہیں، تڑپ شدید ہے۔
کون ہیں یہ؟ کیوں نہیں سو جاتے سکون سے؟ کیوں امتیوں کی خاطر تڑپ رہے ہیں؟
محبت نہیں تو اور کیا ہے؟
ان کو بھول کر ہم پوچھ رہے ہیں کہ ’محبت کس سے کی جائے‘؟
اس ہستی کو ہم جانتے ہی نہیں گویا؟ 💔
وہ ’ہمارے‘ لیے دعا کرتے تھے۔ کبھی رک کر سوچا کہ وہ ’مجھے‘ جانتے تھے۔ وہ مجھے امتی کی حیثیت سے جانتے تھے۔
سوچ کر رونگٹے کھڑے ہوتے ہیں نا؟؟؟ آنسوؤں کا چشمہ پھوٹ بہنے کو تیار ہو جاتا ہے نا۔۔
یہی تو محبت ہے۔❤️
ہم کہتے ہیں اللہ تعالیٰ کے بعد محبت کن سے کریں ؟
قرآن میں دیکھیے، احادیث پڑھیے۔
اللہ ربی نے خود ہی اپنی محبت کو ایک اور محبت کے ساتھ مشروط کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت! ❤️
قُلۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ
آل عمران : 31
”اے نبی ص ! لوگوں سے کہہ دو کہ اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو ، تو میری پیروی اختیار کرو ، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں کو در گزر فرمائے گا۔ وہ بڑا معاف کرنے والا اور رحیم ہے“۔
اللہ نے تو اپنی محبت کی شرط لگا دی کہ جو مجھے عزیز ہیں، ان سے محبت کرو ۔ ان کی بات مانو۔ کہ
~ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں ✨
اور
حضرت ابو ہریرہ ؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا: ”اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے، تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اس کے نزدیک اس کے والد اور اس کی اولاد سے بھی زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔“
(صحیح بخاری)
ماں رات کو جاگتی ہے تو اس کی محبت پر ہم ایمان لے آئے۔ ان کا کیا جو وقت کے پندرہ سو سال کے فاصلوں کے بیچ ہونے کے باوجود ہمارے لیے اتنی دعائیں کرتے رہے؟
کیوں ہمیں محبت کی جگہ نہیں ملتی؟
یہاں کیجیے نا محبت ❤️ جس کے بعد بخشش ہے، سرخروئی ہے، کامیابی ہے۔
ذرا سفر کیجیے سیرت کی کسی کتاب کے ساتھ۔ غارِ حرا سے مکہ تک، اصحابِ صفہ کے حلقوں میں، مسجد قبا اور مسجد نبوی کے محرابوں میں ، غارثور اور بدر و حنین میں ۔ طائف سے فتح مکہ تک!
نگاہوں کو نام نہاد محبت کے سرابوں سے ہٹا کر یہاں دوڑائیے۔
آنسوؤں اور سسکیوں کو یہاں لٹائیے۔ یہاں حق بنتا ہے!
پھر وہ ماں باپ ،
جنہوں نے آپ کو اس کائنات میں لا کر اپنا آپ آپ کی خاطر وار دیا۔ وہ ماں جو مصلّے پر بس آپ ہی کے لیے دعائیں کرتی ہے۔ وہ باپ جس کے بال آپ کی خاطر سفید ہو گئے اور کندھے جھک گئے۔ ماں باپ جنہیں ہم چھوڑ چھاڑ کر اپنی زندگیاں شروع کر لیتے ہیں۔
ان کے لیے محبتیں نہیں ہیں ہمارے پاس ؟ 💔
وہ بہن بھائی جنہیں اللہ ربی نے تخلیق کیا ہے۔
موسیٰ علیہ سلام فرعون کے دربار میں چلے ہیں۔ اور اللہ ربی سے کہتے ہیں کہ میرے بھائی ہارون (علیہ سلام) کو ساتھ بھیجیے۔ کس لیے ؟ کہ اس کے ذریعے سے مجھے مضبوط کریں۔
یہ ہیں بہن بھائی۔ اللہ کے بنائے ہوئے رشتے۔ تقویت دینے والے رشتے۔ جنہیں آپ کے ساتھ آپ کے گھروں میں بھیجا گیا ہے۔ یہ ماں جائے___ 💖
ان کا حق نہیں محبتوں پر؟
پھر وہ دوست ، کہ جن سے خون کا تو نہیں ، مگر دل کا تعلق ہوتا ہے۔ ایک سا لہو تو نہیں مگر خلوص اور اپنائیت تو رگوں میں دوڑتی ہے۔ اللہ کی خاطر بنائے گئے دوست کہ جن سے محبت پر جنت میں محلوں کی بشارت ہو، ایسے مقام کی بشارت کے جس پر انبیاء و شہدا رشک کریں۔ 💕
اور ہر وہ رشتہ جس میں مان ہے، عزت ہے، لحاظ ہے، تحفظ ہے
اسے کیوں نہیں قابلِ محبت سمجھتے ہم ؟
ہمیں کیوں چوری کی عادت ہو گئی ہے۔ رشتے نبھانے میں ڈنڈیاں مارنے کی عادت ہو گئی ہے۔ ہماری توجہ اور الفت جہاں ہونی چاہیے، وہاں سے ہم نے بے نیازی برتنا شروع کر دی ہے 💔
اس محبت کی درست جگہ اللہ سے محبت کے بعد سمجھ آئے گی۔ جس سے محبت کرنی ہے، اس کا ہم پر کوئی حق ہونا چاہیے۔ والدین کا حق ہے، بہن بھائیوں کا حق ہے، دین کے بہن بھائیوں ، ان دوستوں کا حق ہے جن سے اللہ کے واسطے دوستی ہو۔
پاکیزہ محبتیں مانگیے !
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ حُبَّکَ {اے اللہ! میں آپ کی محبت مانگتا ہوں} وَ حُبَّ مَنْ یُّحِبُّکَ {آپ سے محبت کرنے والے شخص کی محبت} وَ عَمَلَ الَّذِیْ یُبَلِّغُنِیْ حُبَّکْ {اور ایسے اعمال کی جو مجھے آپ کی محبت تک پہنچانے والے ہوں} اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ حُبَّکَ اَحَبَّ اِلَیَّ مَنْ نَفْسِی وَمَالِیْ وَاَھْلِیْ وَ مِنَ الْمَاءِ الْبَارِدْ {اے اللہ اپنی محبت کو میرے لیے میری جان، مال ،اہل و عیال اور ٹھنڈے پانی سے بھی محبوب بنا دیجیے‘‘}
یہ محبت__ سنبھل کر کیجیے۔
یہ وہ جام ہے جو ہر جگہ نہیں لنڈھایا جائے گا۔
اگر جو لنڈھایا گیا تو تہی دامن ہو جائیں گے۔
عزت سے، عافیت سے، حیا سے اور___ ایمان سے بھی!
بنتِ سحر
قسط 4
https://ilfive.blogspot.com/2022/02/understanding-love-episode-4-4.html
#valentinesday2022 #Love #Muhabbat
#للہ_محبت #محبت_چیز_ایسی_ہے
0 Comments
Assalamualaikum